انڈونیشیا کے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے جی ایچ کیو راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں جانب سے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان موجود عسکری روابط پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
ملاقات میں پیشہ ورانہ تربیت، دفاعی تعاون اور مشترکہ فوجی مشقوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے دفاع اور سیکیورٹی کے شعبوں میں پاکستان اور انڈونیشیا کے دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔
انڈونیشیا کے چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ان کی خدمات کا اعتراف کیا۔