بلوچستان میں ایمرجنسی ایمبولینس سروس کی استعداد بڑھانے کیلیے 9 نئی ایمبولینسز شامل

image

بلوچستان حکومت نے صوبے میں ایمرجنسی ایمبولینس سروسز کو جدید بنانے کے لیے اہم اقدامات کرتے ہوئے میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر 1122 میں جدید سہولیات سے لیس 9 نئی ایمبولینسز شامل کرلی ہیں۔

نئی ایمبولینسز حادثات، قدرتی آفات اور دیگر ہنگامی صورتحال میں شہریوں کو فوری اور بروقت طبی امداد فراہم کرنے میں استعمال ہوں گی۔

اس موقع پر صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ ایمرجنسی ریسپانس سافٹ ویئر کے ذریعے بلوچستان بھر میں ایمبولینسز کی مؤثر ڈیجیٹل ٹریکنگ ممکن ہوگی، جبکہ حادثات کی صورت میں متاثرین کو فوری طبی امداد کی فراہمی اور انہیں صحت کی سہولیات تک بروقت منتقل کرنے کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی تمام ایمبولینسز کو جلد میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر 1122 کے کنٹرول اینڈ کمانڈ سسٹم سے منسلک کیا جائے گا، جس سے دور دراز علاقوں میں بھی ہنگامی طبی امداد کی بروقت فراہمی ممکن ہوگی۔

بخت محمد کاکڑ کے مطابق جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے ایمبولینس سروسز کی مانیٹرنگ، شفافیت اور رسپانس ٹائم میں مزید بہتری آئے گی۔

صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر 1122 میں نئی ایمبولینسز کی شمولیت صوبے کے شعبہ صحت میں اہم پیشرفت ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US