پیٹرول سبسڈی پر دو بڑی آسانیاں، رجسٹریشن ایس ایم ایس مفت، گاڑی اپنے نام ہونے کی شرط ختم

image

وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرول سبسڈی ریلیف اسکیم کے لیے رجسٹریشن میں استعمال ہونے والی ایس ایم ایس سروس مفت کرنے کی ہدایت کردی ہے، جبکہ شہریوں کے لیے ایک اور اہم شرط بھی ختم کردی گئی ہے۔ اب بائیک یا 800 سی سی تک کی گاڑی اپنے نام رجسٹرڈ نہ ہونے کے باوجود اہل شہری سبسڈی حاصل کرسکے گا۔

وفاقی وزیرِ آئی ٹی شزہ فاطمہ نے وفاقی وزراء عطاء اللہ تارڑ اور علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس میں اسکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ عالمی حالات اور خطے میں جاری جنگ کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس کا بوجھ کم آمدن والے طبقے پر پڑنے سے روکنے کے لیے حکومت نے یہ ریلیف پروگرام متعارف کرایا ہے۔

اس اسکیم کے تحت موٹر سائیکل سواروں اور 800 سی سی تک کی گاڑی رکھنے والوں کو پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر کی سبسڈی دی جائے گی۔ موٹر سائیکل کے لیے ہفتے میں ایک مرتبہ 5 لیٹر، یعنی ماہانہ زیادہ سے زیادہ 20 لیٹر پر 500 روپے تک کا ریلیف ملے گا، جبکہ 800 سی سی گاڑی کے لیے ہر 10 دن بعد 10 لیٹر، یعنی ماہانہ 30 لیٹر تک پیٹرول پر ایک ہزار روپے کی سبسڈی دی جائے گی۔

حکومت کے مطابق 15 سال تک پرانی موٹر سائیکلیں اور 20 سال تک پرانی 800 سی سی گاڑیاں اس پروگرام کے لیے اہل ہوں گی۔ رجسٹریشن کے لیے شہری اپنے موبائل سے 9771 پر ایس ایم ایس بھیج سکیں گے۔ اس میں نام، شناختی کارڈ نمبر، گاڑی یا بائیک کی نمبر پلیٹ، صوبے کے نام کا پہلا حرف اور رجسٹریشن کی تاریخ درج کرنا ہوگی۔

اہم بات یہ ہے کہ جس موبائل نمبر سے رجسٹریشن کا پیغام بھیجا جائے گا، وہ سم اور شناختی کارڈ شہری کے اپنے نام پر ہونا ضروری ہے، تاہم گاڑی یا موٹر سائیکل کا اسی شہری کے نام پر رجسٹرڈ ہونا لازمی نہیں ہوگا۔

رجسٹریشن کے بعد شہری 9771 پر TOK لکھ کر بھیجیں گے، جس کے جواب میں انہیں ٹوکن کوڈ دیا جائے گا۔ کسی دوسرے شخص کے ٹوکن نمبر پر سبسڈی کے تحت پیٹرول حاصل نہیں کیا جاسکے گا۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں ہدایت دی گئی کہ عوام کو رجسٹریشن اور سبسڈی کے طریقہ کار سے متعلق مکمل رہنمائی فراہم کی جائے۔ اسلام آباد میں اسکیم کا آغاز 14 اور 15 ستمبر کی درمیانی شب سے، جبکہ ملک بھر بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب سے ریلیف کی فراہمی شروع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

شہباز شریف نے انتظامیہ، عوامی نمائندوں اور رضاکاروں کو بھی متحرک رہنے کی ہدایت کی تاکہ شہریوں کو رجسٹریشن سمیت دیگر مراحل میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وزیراعظم نے اسکیم سے متعلق آگاہی کے لیے ٹی وی، سوشل میڈیا اور دیگر پلیٹ فارمز پر بھرپور مہم چلانے کی بھی ہدایت کی ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US