پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کی جانب سے بعض ینگ ڈاکٹرز کی رجسٹریشن منسوخ کیے جانے کے معاملے پر محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے متعلقہ ڈاکٹروں کے خلاف کارروائی شروع کردی ہے۔
محکمہ صحت کی جانب سے گرینڈ ہیلتھ الائنس کے چیئرمین ڈاکٹر سلمان حسیب کو ملازمت سے معطل کرتے ہوئے ان کی خدمات محکمہ صحت و بہبود آبادی کے سپرد کردی گئی ہیں۔
اسی طرح ڈاکٹر اسامہ سعید کو فیصل مسعود ٹیچنگ اسپتال سرگودھا جبکہ ڈاکٹر عامر بشیر کو لاہور جنرل اسپتال سے ملازمت سے برخاست کر دیا گیا ہے۔
محکمہ صحت کے مطابق نشتر اسپتال ملتان کے ڈاکٹر سلمان غفور اور بے نظیر بھٹو اسپتال راولپنڈی کے ڈاکٹر عارف عزیز کی ٹریننگ بھی معطل کر دی گئی ہے۔
محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نے رجسٹریشن منسوخی کے معاملے میں مزید متعلقہ ڈاکٹروں کے خلاف بھی قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔