وزیراعظم کی تمام اسپتالوں اور دفاتر میں فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت

image

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز اسپتال میں فائر سیفٹی سمیت نظام کی بہتری، طبی سہولیات کو بین الاقوامی تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں تجویز کردہ اقدامات آئندہ تین ماہ میں مکمل کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت پمز اسپتال کی بہتری کے لیے لائحہ عمل سے متعلق اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں پمز کی تحقیقاتی رپورٹ اور وزارت قومی صحت کی جانب سے کیے گئے پرفارمنس آڈٹ کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پمز اسپتال کے پرفارمنس آڈٹ میں جانچ کیے گئے اشاریوں میں قابل قبول ہدف کے مقابلے میں صرف 39.7 فیصد کمپلائنس سامنے آئی، جبکہ 90 فیصد کو قابل قبول ہدف مقرر کیا گیا تھا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ تحقیقاتی رپورٹ میں تجویز کردہ قلیل مدتی اقدامات پر آئندہ تین ماہ میں عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے پمز اسپتال کو بہتر بنانے اور اسے بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کی ہدایت بھی کی۔

شہباز شریف نے فائر سیفٹی نظام کو مؤثر بنانے کے لیے پاکستان کڈنی اینڈ لیور انسٹی ٹیوٹ (پی کے ایل آئی) سے معاونت اور تجاویز لینے کی ہدایت کی، جبکہ عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی رپورٹ میں دی گئی سفارشات کا جائزہ لے کر ان پر بھی عملدرآمد یقینی بنانے کا کہا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اسپتال میں ادویات اور طبی سہولیات مفت فراہم کرنے کے لیے ضروری اقدامات بھی لائحہ عمل میں شامل کیے جائیں۔ انہوں نے پمز میں اچھی شہرت رکھنے والی افرادی قوت کی تعیناتی اور اسپتال کی بہتری کے لیے طویل مدتی اقدامات پر مشتمل جامع منصوبہ مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں وزیراعظم نے پولی کلینک اسپتال کا آڈٹ کرانے، بے ضابطگیوں کو دور کرنے اور اس کی تنظیم نو کے لیے لائحہ عمل مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے سی ڈی اے کو اسلام آباد میں موجود تمام سرکاری و نجی اسپتالوں میں فائر سیفٹی اقدامات پر عملدرآمد یقینی بنانے جبکہ سی ڈی اے اور متعلقہ اداروں کو تمام سرکاری و نجی دفاتر اور عمارتوں میں فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ پمز تحقیقاتی رپورٹ کی روشنی میں 37 مجوزہ اقدامات پر فوری عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے، جبکہ قلیل، وسط اور طویل مدتی اقدامات کے حوالے سے بھی اجلاس کو تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ، احد خان چیمہ، عطاء اللہ تارڑ، سید مصطفیٰ کمال، معاون خصوصی مختار احمد بھرتھ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US