پرائیویٹ حج اسکیم 2027 کے تحت حج پورٹل کے ذریعے 11 ہزار 600 عازمین کی بکنگ مکمل ہوگئی جبکہ 60 ہزار حج نشستیں تاحال دستیاب ہیں۔
وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق پرائیویٹ حج اسکیم کے تحت بکنگ نشستوں کی دستیابی تک یا 20 نومبر 2026 تک جاری رہے گی۔ حج پورٹل پر 25 منظم حج کمپنیوں کی جانب سے اکانومی، اسٹینڈرڈ اور پریمیم حج پیکیجز دستیاب ہیں، جن میں عازمین اپنی ضروریات کے مطابق پیکیج کا انتخاب کرسکتے ہیں۔
ترجمان کے مطابق نیشنل آئی ٹی بورڈ کے تیار کردہ حج پورٹل کے ذریعے 25 منظمین کے اکاؤنٹس میں حج واجبات کی مد میں 10 ارب روپے موصول ہوچکے ہیں، جن میں سے 4 ارب روپے سے زائد رقم آن لائن طریقہ کار کے ذریعے جمع کرائی گئی ہے۔
وزارت مذہبی امور نے عازمین حج کو ہدایت کی ہے کہ حج واجبات کی ادائیگی کے لیے صرف پاک حج ایپ یا حج پورٹل استعمال کریں اور کسی غیر مجاز فرد یا کمپنی کو براہِ راست رقم جمع نہ کرائیں۔
وزارت نے خبردار کیا ہے کہ غیر مجاز ذرائع کو رقم کی ادائیگی سے عازمین حج کو دھوکہ دہی اور مالی نقصان کا سامنا ہوسکتا ہے۔