لندن میں پاکستان انویسٹمنٹ راؤنڈ ٹیبل، وزیر خزانہ کی سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی دعوت

image

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان معیشت کے استحکام، پائیدار معاشی ترقی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مختلف شعبوں میں اصلاحات جاری رکھے ہوئے ہے، جبکہ بین الاقوامی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں دلچسپی دوبارہ بڑھ رہی ہے۔

پاکستان ہائی کمیشن لندن کے زیر اہتمام پاکستان انویسٹمنٹ راؤنڈ ٹیبل کا انعقاد کیا گیا، جس میں لندن کے معروف سرمایہ کاروں اور عالمی مالیاتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔

گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد، وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد اور برطانیہ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ٹیپو عثمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

اپنے خطاب میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ حکومت کی مالی پالیسی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، بجٹ خسارے میں کمی ہوئی ہے جبکہ حکومتی آمدن میں اضافہ اور مالی و ادارہ جاتی اصلاحات میں پیش رفت ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری اداروں میں اصلاحات کے ساتھ نجکاری کے عمل کو بھی آگے بڑھا رہی ہے۔ توانائی کے شعبے میں اصلاحات، مالی معاملات میں شفافیت اور کاروبار میں آسانی کے اقدامات سے ملکی معیشت مزید مستحکم ہوگی۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی ترقی کے لیے ٹیکس بیس کو وسیع کرنا اور ٹیکس قوانین پر مؤثر عمل درآمد ضروری ہے۔ ٹیکس حکام کے صوابدیدی اختیارات ختم کر دیے گئے ہیں اور ٹیکس کے معاملے میں کسی کے ساتھ خصوصی رعایت نہیں برتی جا رہی، تاہم تنخواہ دار طبقے پر کوئی نیا اضافی ٹیکس عائد نہیں کیا گیا۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ گزشتہ سال ملک میں آنے والے شدید سیلاب اور مشرق وسطیٰ میں حالیہ جنگ کے باعث پاکستان کی معیشت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال سے عالمی سطح پر تیل کی قیمتیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کاروبار اور سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پاکستان نے آئی ایم ایف کے تمام جائزے مقررہ وقت پر کامیابی سے مکمل کیے ہیں جبکہ ملک کی کریڈٹ ریٹنگ میں بھی تین مرتبہ بہتری آئی ہے۔

بعد ازاں سوال و جواب کے سیشن میں وزیر خزانہ نے مالیاتی اداروں کے نمائندوں سے گفتگو کی۔ اس موقع پر پاکستان کی معیشت، سرمایہ کاری کے ماحول، بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ تعاون اور مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US