سول سرونٹس کے اثاثوں کے گوشوارے ڈیجیٹل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ایف بی آر کے تعاون سے اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کے لیے نیا آن لائن نظام نافذ کردیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ 17 اور اس سے اوپر کے سرکاری افسران اب اثاثوں کے گوشوارے دستی کے بجائے آن لائن جمع کرانے کے پابند ہوں گے، جبکہ اس مقصد کے لیے ایف بی آر کا پورٹل بھی فعال کر دیا گیا ہے۔
ایوان صدر، وزیراعظم آفس اور تمام وفاقی وزارتوں کو نئے ڈیجیٹل نظام سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔ سرکاری افسران کو 30 اکتوبر تک اپنے اثاثوں کے گوشوارے آن لائن جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ جمع کرائے گئے گوشواروں میں کسی غلطی کی اصلاح کے لیے 30 نومبر تک مہلت دی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کے لیے ایف بی آر پورٹل پر اکاؤنٹ بنانا لازمی ہوگا۔ اکاؤنٹ کے اندراج کے لیے افسران کو اپنا ذاتی ای میل ایڈریس فراہم کرنا ہوگا۔
ایف بی آر سرکاری افسران کے اثاثوں کی رسک بیسڈ بنیادوں پر جانچ کرے گا، جبکہ اثاثوں سے متعلق غلط معلومات فراہم کرنے یا حقائق چھپانے والے افسران کے خلاف تادیبی کارروائی کی جائے گی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سرکاری افسران کے اثاثوں کے گوشواروں کے منتخب غیرحساس حصے ایف بی آر کی ویب سائٹ پر شائع کیے جائیں گے۔ اثاثوں کے گوشوارے مقررہ مدت میں جمع نہ کرانے والے افسران کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔