پاکستان سے یورپ غیرقانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی، 100 فیصد خاتمہ ہدف، محسن نقوی

image

پاکستان سے یورپ کی جانب غیرقانونی امیگریشن میں 64 فیصد ریکارڈ کمی ہوئی ہے، انٹرنیشنل سینٹر فار مائیگریشن پالیسی ڈویلپمنٹ (آئی سی ایم پی ڈی) اور یورپی یونین کی بارڈر اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی فرنٹیکس نے غیرقانونی امیگریشن کے سدباب کے لیے پاکستان کے مؤثر اقدامات کو سراہا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے آئی سی ایم پی ڈی کی ڈائریکٹر جنرل سوزین راب اور یورپی یونین کی بارڈر اینڈ کوسٹ گارڈ ایجنسی فرنٹیکس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہانس لیئتنس نے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ ملاقاتوں میں غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام، بارڈر مینجمنٹ اور انسانی اسمگلنگ کے سدباب کے لیے باہمی تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

اس موقع پر غیرقانونی امیگریشن کے مکمل خاتمے اور بارڈر مینجمنٹ کے لیے مشترکہ اقدامات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ کم وسائل کے باوجود غیرقانونی امیگریشن میں 64 فیصد کمی ایک چیلنجنگ ٹاسک تھا۔ غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام کو چیلنج سمجھ کر قبول کیا اور پوری ٹیم نے دن رات محنت کی۔

انہوں نے کہا کہ غیرقانونی امیگریشن میں 100 فیصد کمی اگلا ہدف ہے، جسے ہر صورت حاصل کریں گے۔ غیرقانونی مائیگریشن میں کمی کے لیے قانونی مائیگریشن کی نئی راہیں کھولنا ضروری ہے۔

محسن نقوی نے کہا کہ غیرقانونی امیگریشن کی روک تھام کے لیے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور افسران کی تربیت پر توجہ دی جا رہی ہے۔ بارڈر مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنانے کے لیے دورِ جدید کے تقاضوں کے مطابق اداروں کی استعدادِ کار بڑھائی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے بتایا کہ پاکستان کے تمام ایئرپورٹس پر موجود 500 امیگریشن کاؤنٹرز پر جدید ٹیکنالوجی سے لیس کیمرے نصب کرنا ہدف ہے۔ جدید کیمروں کے ذریعے غیرقانونی امیگریشن اور انسانی اسمگلنگ میں ملوث افراد کو فوری طور پر قانون کی گرفت میں لایا جا سکے گا۔

انہوں نے کہا کہ غیرقانونی امیگریشن کے مکمل خاتمے کے لیے مزید عملی اقدامات اور مربوط تعاون کی ضرورت ہے۔ آئی سی ایم پی ڈی اور فرنٹیکس کے ساتھ تعاون اس سلسلے میں کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔

آئی سی ایم پی ڈی کی ڈائریکٹر جنرل سوزین راب نے پاکستان کی غیرقانونی امیگریشن کے خلاف کاوشوں کو قابلِ تعریف قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کیے گئے اقدامات قابلِ تحسین ہیں۔ آئی سی ایم پی ڈی کے وفد نے ایف آئی اے کی رسک اینالیسس رپورٹ کو بھی سراہا۔

سوزین راب نے کہا کہ غیرقانونی امیگریشن کے مکمل خاتمے کے ہدف کے حصول میں پاکستان کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

فرنٹیکس کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہانس لیئتنس نے بھی پاکستان کی جانب سے غیرقانونی امیگریشن کے سدباب کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی امیگریشن کے مکمل خاتمے کے مقرر کردہ ہدف کے حصول میں ہر ممکن کردار ادا کریں گے۔

فرنٹیکس کے وفد میں ڈائریکٹر انٹرنیشنل ریلیشنز، گورننس اینڈ اسٹریٹیجی ایوا کاپونا، ڈائریکٹر انٹیلیجنس ڈویژن اسٹیفانو فیلا، ہیڈ آف یونٹ فار انٹرنیشنل کوآپریشن جان وائیسٹل اور سینئر لائژن آفیسر ٹو پاکستان رالف شوئپفلن شامل تھے، جبکہ وزیر مملکت طلال چوہدری، اسپیشل سیکریٹری داخلہ اور ڈی جی ایف آئی اے بھی ملاقات میں موجود تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US