وفاقی وزیر توانائی کا تمام ڈسکوز کو کنزیومر پرسیپشن سروے فوری شروع کرنے کا حکم

image

وفاقی وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے تمام ڈسکوز (بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں) کو کنزیومر پرسیپشن سروے فوری شروع کرنے کی ہدایت کردی۔

وفاقی وزیر نے کنزیومر پرسیپشن سروے کے طریقہ کار، معیارات اور شیڈول کو جلد از جلد حتمی شکل دینے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کی رائے جاننے کے لیے سروے نیپرا کے مقررہ پیرامیٹرز کے مطابق کیا جائے۔

اویس لغاری نے کہا کہ کنزیومر پرسیپشن سروے سے ڈسکوز کی کارکردگی اور صارفین کے اطمینان کی صورتحال کا تعین ہوگا، جبکہ سروے کے نتائج مستقبل کی پالیسی سازی میں معاون ثابت ہوں گے۔

انہوں نے تمام متعلقہ فریقین کو سروے کی منظوری کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کنزیومر پرسیپشن سروے ہر چھ ماہ بعد لازمی مکمل کیا جائے۔ سالانہ شیڈول میں کم از کم ایک سروے موسم گرما کے دوران کرایا جائے تاکہ بجلی کے زیادہ استعمال کے دوران صارفین کے تجربات اور شکایات کا بھی جائزہ لیا جاسکے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ سروے صارفین کی فلاح اور بہتر خدمات کی فراہمی کے عزم کا عملی مظہر ہے، یہ محض انتظامی کارروائی نہیں بلکہ بجلی کی خدمات میں بہتری کا اہم ذریعہ ہے۔

اویس لغاری نے صارفین سے اپیل کی کہ وہ سروے میں دیانتدارانہ اور بلا جھجھک اپنی رائے دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صارفین کی سچی رائے اداروں کی کارکردگی میں بہتری کی بنیاد بنے گی، جبکہ عوامی رائے سے شفاف اور باخبر فیصلوں میں مدد ملے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کنزیومر پرسیپشن سروے کے ذریعے بجلی کے شعبے میں صارفین کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US