وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے نجی دورے کے لیے سرکاری طیارے کے استعمال پر ہونے والی تنقید کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیرِاعظم یا وزیرِاعلیٰ کا کوئی دورہ ذاتی نہیں ہوتا اور وہ ہر وقت سرکاری کام کر رہی ہوتی ہیں۔
ملتان میں الیکٹرک بس سروس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ طیارے کے استعمال سے وقت کی بچت ہوتی ہے اور عوام کی خوشحالی کے لیے جہاں جانا پڑا، وہ جہاز پر ہی سفر کریں گی۔
مریم نواز نے وضاحت کی کہ یہ جہاز ان کی ذاتی ملکیت نہیں بلکہ وزیراعلیٰ پنجاب کا طیارہ ہے، اور ان کے پاس وقت ضائع کرنے کا موقع نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران انہوں نے کشتیوں پر بھی سفر کیا تھا، تاہم دوسرے ملک جانے کے لیے موٹر سائیکل یا رکشہ استعمال نہیں کیا جا سکتا۔
وزیراعلیٰ نے مزید بتایا کہ انہوں نے لندن دورے کے لیے جہاز کے استعمال پر آنے والے پونے 3 کروڑ روپے (2 کروڑ 71 لاکھ 94 ہزار 4 روپے) کے اخراجات بینک آف پنجاب کے چیک کے ذریعے قومی خزانے میں جمع کروا دیے ہیں۔
اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ ان پر تنقید اس لیے ہو رہی ہے کیونکہ وہ کام کر رہی ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر تنقید کرنے والوں کو اس سے ڈالر ملتے ہیں۔ انہوں نے پنجاب حکومت کی مختلف سکیموں کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ 'اپنا گھر، اپنی چھت' منصوبے پر 300 ارب روپے لگائے گئے ہیں۔ واضح رہے کہ مریم نواز نے رواں ماہ کے آغاز میں اپنی بیٹی کی گریجویشن تقریب میں شرکت کے لیے لندن کا سفر پنجاب حکومت کے لگژری طیارے 'گلف اسٹریم جی 500' پر کیا تھا، جس کے استعمال اور خریداری پر انہیں شدید تنقید کا سامنا تھا۔