شہداء کی قربانیاں قوم کیلیے مشعلِ راہ، ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا، صدر و وزیراعظم

image

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کے اضلاع ہنگو اور شمالی وزیرستان میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کارروائیوں کے دوران 10 خوارج کو ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کو سراہا۔ انہوں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی میں شہید ہونے والے 6 بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کے بہادر سپوت وطن کے دفاع اور قیامِ امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہے ہیں، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں۔ شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کے عزم اور حوصلے کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

آصف علی زرداری نے شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کیلیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔

دوسری جانب وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بھی ہنگو اور شمالی وزیرستان میں فتنۃ الخوارج کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعظم نے دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کرنے والے 6 جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور شہداء کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع، امن اور سلامتی کیلیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپوت پوری قوم کے ہیرو ہیں۔ شہداء کی عظیم قربانیاں قوم کیلیے مشعلِ راہ ہیں اور ان کا لہو رائیگاں نہیں جائے گا۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری قوت کے ساتھ جاری رہیں گی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US