سیکیورٹی فورسز نے قلات کے قریب قومی شاہراہ این-25 پر کارروائی کرتے ہوئے فتنتہ الہندوستان سے وابستہ 5 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ دہشت گردوں کے قبضے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 18 اور 19 ستمبر 2026 کی درمیانی شب دہشت گردوں نے چمن، کراچی قومی شاہراہ پر عوام کی پُرامن آمدورفت میں خلل ڈالنے کی کوشش کی۔ دہشت گردوں نے اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری اور گاڑیاں چھیننے کی غرض سے شاہراہ پر ایک چیک پوسٹ قائم کر رکھی تھی۔
اطلاع ملتے ہی سیکیورٹی فورسز نے فوری کارروائی کی، جس کے دوران دہشت گردوں اور اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ سیکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی میں 5 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے سے 23 مغوی افراد کو بحفاظت بازیاب کرایا گیا، جبکہ 6 ٹرک، 3 بسیں اور 2 گاڑیاں بھی برآمد کرلی گئیں۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دیے گئے، تاہم علاقے میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے اور مقامی آبادی سمیت اہم قومی شاہراہوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلیے پُرعزم ہیں۔