نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار 81ویں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کیلیے اسلام آباد سے نیویارک روانہ ہوگئے۔
وزارت خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم 21 سے 25 ستمبر تک نیویارک میں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے ہائی لیول ویک میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ہمراہ مختلف اہم اجلاسوں اور سفارتی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔
سینیٹر محمد اسحاق ڈار او آئی سی رابطہ گروپ برائے جموں و کشمیر کے اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں وہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کیلیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے۔ وہ او آئی سی وزرائے خارجہ کے سالانہ رابطہ اجلاس سمیت دیگر او آئی سی وزارتی اور رابطہ گروپ اجلاسوں میں بھی شریک ہوں گے۔
نائب وزیراعظم فلسطین کے مسئلے پر ہونے والے متعدد اعلیٰ سطحی اجلاسوں میں بھی شرکت کریں گے، جن میں آٹھ عرب و اسلامی ممالک کے گروپ کا اجلاس اور دو ریاستی حل کے نفاذ کیلیے عالمی اتحاد کا اعلیٰ سطحی وزارتی اجلاس شامل ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار مصنوعی ذہانت کے موضوع پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب کریں گے، جبکہ وبائی امراض سے بچاؤ، تیاری اور مؤثر ردعمل سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ وہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
نائب وزیراعظم نیویارک میں مختلف ممالک کے ہم منصبوں سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے اور وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ متعدد اعلیٰ سطحی دوطرفہ ملاقاتوں اور دیگر اہم سفارتی سرگرمیوں میں شرکت کریں گے۔
وزارت خارجہ کے مطابق ان ملاقاتوں اور اجلاسوں کے دوران نائب وزیراعظم علاقائی و عالمی امن و استحکام کیلیے پاکستان کی جاری کوششوں کو اجاگر کریں گے اور اہم علاقائی و بین الاقوامی امور پر عالمی رہنماؤں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گے۔