ہنگو میں سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان فائرنگ، 8 خوارج ہلاک، 2 افسران سمیت 6 جوان شہید

image

راولپنڈی، 20 ستمبر 2026: ہانگو میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے اور خوارج کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 8 خوارج ہلاک ہوگئے، جبکہ دو افسران سمیت 6 سیکیورٹی اہلکاروں نے جامِ شہادت نوش کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20 ستمبر کو ضلع ہنگو میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے کا خوارج کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران سیکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنتہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے 8 خوارج کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران اپنے دستوں کی قیادت کرنے والے کیپٹن ابوزر فاروق اور لیفٹیننٹ شیراز بابر نے بہادری سے مقابلہ کیا اور اپنے 4 جوانوں کے ہمراہ جامِ شہادت نوش کیا۔

شہید کیپٹن ابوزر فاروق کی عمر 23 سال اور تعلق ضلع گوجرانوالہ سے تھا، جبکہ شہید لیفٹیننٹ شیراز بابر کی عمر 22 سال اور تعلق ضلع چکوال سے تھا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر بھارتی سرپرستی میں موجود خوارج کے خاتمے کے لیے سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور کردہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز کا عزم غیر متزلزل ہے، جبکہ بہادر جوانوں کی قربانیاں وطن کے دفاع کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US