پیٹرولیم لیوی مکمل ختم کرکے عوام کو ریلیف دیا جائے، حافظ نعیم الرحمان

image

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کے لیے پیٹرولیم لیوی مکمل طور پر ختم کی جائے۔

سکھر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومت کے ساتھ مذاکرات کے پانچ دور ہوچکے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ لیوی وصول نہیں کی جائے گی، اگر ایسا ہے تو بتایا جائے کہ اس کے متبادل مالی وسائل کہاں سے حاصل کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم لیوی ٹیکس کی مد میں عوام پر 135 ارب روپے کا بوجھ ڈالا گیا ہے، جبکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی نے عام شہری کے لیے زندگی مشکل بنا دی ہے۔ عوام کو مہنگائی کے طوفان سے نکالنے کے لیے فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی کا مارچ اور تحریک ملک بھر کے عوام کے لیے ہے، احتجاجی مارچ کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل کرلیا گیا ہے۔

حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی کا مقصد جلاؤ گھیراؤ یا تشدد ہرگز نہیں، پُرامن احتجاج کے ذریعے عوام کے مسائل اجاگر کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پالیسی ریٹ میں کمی سے ملکی معیشت کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US