پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے عالمی یومِ امن کے موقع پر اپنے پیغام میں عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ جنگ کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل کی راہ اختیار کی جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرکے پاکستان نے امن کے عزم کا عملی مظاہرہ کیا ہے۔ اسلام آباد مفاہمتی یادداشت نے ثابت کیا کہ جنگ کے مقابلے میں مکالمہ اور تنازع کے مقابلے میں سفارت کاری زیادہ مؤثر راستہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے مسئلہ کشمیر، پانی اور دہشت گردی سمیت تمام تصفیہ طلب معاملات مذاکرات کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں تشدد کے خاتمے اور شہریوں کے تحفظ کے لیے عالمی کوششوں کو مزید تیز کرنا ناگزیر ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ ایسی دنیا کی تعمیر کے لیے متحد ہونا ہوگا جہاں فیصلے جنگ کے میدان کے بجائے مذاکرات کی میز پر کیے جائیں۔