دبئی کے حکمران، متحدہ عرب امارات کے نائب صدر و وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کے چھوٹے بھائی شیخ احمد بن راشد المکتوم انتقال کرگئے۔
شیخ احمد بن راشد المکتوم کے انتقال پر دبئی میں 10 روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، اس دوران سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اپنے بھائی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ شیخ احمد بن راشد المکتوم پر رحم فرمائے، وہ اب اپنے رب کے پاس ہیں۔
اپنے تعزیتی پیغام میں شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ احمد نظروں سے اوجھل ہوگئے ہیں، تاہم وہ دعاؤں اور دلوں سے کبھی دور نہیں ہوں گے۔ انہوں نے اپنے بھائی کے لیے جنت میں بلند مقام اور اہل خانہ و عزیز و اقارب کے لیے صبر و سکون کی دعا بھی کی۔
دبئی کے ولی عہد، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شیخ حمدان بن محمد بن راشد المکتوم نے بھی اپنے چچا شیخ احمد بن راشد المکتوم کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے دعا کی۔