موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات ناگزیر ہیں، وزیر خزانہ

image

وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے COP31 ایکشن ایجنڈے کے اجرا کے موقع پر پاکستان کی جانب سے ایجنڈے کی مکمل حمایت کا اظہار کرتے ہوئے موسمیاتی منصوبوں پر مؤثر اور عملی عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ COP31 ایکشن ایجنڈا پاکستان کی قومی موسمیاتی ترجیحات اور قومی سطح پر متعین کردہ شراکت (NDC) 3.0 سے ہم آہنگ ہے۔ انہوں نے موسمیاتی تبدیلیوں کے حوالے سے پاکستان کی شدید حساسیت کو اجاگر کرتے ہوئے صاف توانائی اور بجلی کے استعمال میں توسیع، قابلِ تجدید توانائی کے فروغ، توانائی کے مؤثر استعمال پر مبنی عمارتوں اور موسمیاتی تبدیلیوں سے محفوظ شہروں کو اہم ترجیحات قرار دیا۔

وزیر خزانہ نے موسمیاتی تعلیم، عوامی آگاہی، غذائی تحفظ اور موسمیاتی لحاظ سے مضبوط زراعت کو بھی پاکستان کی مشترکہ ترجیحات میں شامل قرار دیا۔

انہوں نے NDC کے وعدوں کو قابلِ سرمایہ کاری اور قابلِ مالی معاونت منصوبوں میں تبدیل کرنے کے لیے مجوزہ کلائمیٹ امپلیمنٹیشن برج کا خیرمقدم کیا۔

سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ اب بنیادی چیلنج موسمیاتی منصوبوں کی تشکیل نہیں بلکہ ان پر مؤثر عملدرآمد ہے۔ انہوں نے COP31 ایکشن ایجنڈے میں واضح عملی اقدامات اور کارکردگی کے کلیدی اشاریوں کو سراہتے ہوئے اسے عملی، نتائج پر مبنی اور قابلِ پیمائش اثرات پر مرکوز قرار دیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US