وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کی زیرِ صدارت بلیو اکانومی کے فروغ اور میری ٹائم سیکٹر میں سرمایہ کاری بڑھانے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں کورنگی فشریز ہاربر پر 100 ایکڑ رقبے پر میری کلچر اسٹیٹ کے قیام کے منصوبے کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں وزیر بحری امور کو میری کلچر اسٹیٹ کے مجوزہ منصوبے اور اس کے مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی گئی۔ جنید انوار چوہدری نے کہا کہ میری کلچر اسٹیٹ میں چار بڑے زونز قائم کیے جائیں گے جن میں پروسیسنگ اور کولڈ چین انفراسٹرکچر بھی شامل ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ جدید میری کلچر کے ذریعے اعلیٰ مالیت کی ماہی گیری کو فروغ دیا جائے گا جبکہ ریسرچ پارک میں تحقیق، جدت اور تربیت کی جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
وزیر بحری امور کے مطابق منصوبے سے ساحلی آبادیوں کے لیے نئے معاشی مواقع پیدا ہوں گے اور میری کلچر اسٹیٹ میں قابلِ تجدید توانائی کی سہولیات بھی قائم کی جائیں گی۔
جنید انوار چوہدری نے کہا کہ میری کلچر منصوبے سے ماہی گیری کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے ساتھ ساتھ برآمدات اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری کو بھی فروغ ملے گا۔