دکانداروں کے لیے آسان ٹیکس اسکیم، آگاہی مہم تیز کرنے کا فیصلہ

image

وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت دکانداروں کے لیے آسان ٹیکس سکیم کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں اسکیم پر پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے آگاہی مہم تیز کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں ملک بھر کے ٹیکس کمشنرز کو مقامی ٹیکس بارز سے رابطے بڑھانے کی ہدایت کی گئی۔ فیصلہ کیا گیا کہ دکاندار اپنے اعتماد کے وکلا کی مدد سے بھی آسان ٹیکس سکیم کے فارم پُر کر سکیں گے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ تاجر رہنماؤں کی جانب سے ایف بی آر افسران اور تاجر نمائندوں کے بازاروں کے مشترکہ دوروں کے لیے مقامی تاجر نمائندوں کی فہرستیں موصول ہوچکی ہیں۔ اجلاس میں تاجر نمائندوں اور ایف بی آر افسران کی جانب سے متعلقہ علاقوں کے بازاروں میں رجسٹریشن کی حکمت عملی پر بھی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے کہا کہ تاجر نمائندوں کی مدد سے آسان ٹیکس سکیم کی معلومات ہر دکاندار تک پہنچائی جائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجروں کے مطالبے پر عمل کرتے ہوئے حکومت نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے اب دکانداروں نے اپنی ہی تیار کردہ اسکیم کو کامیاب بنانا ہے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ دکانداروں کے پاس آسان ٹیکس اسکیم اختیار کرنے یا پرانے طریقہ کار کے تحت ٹیکس جمع کرانے کے دونوں آپشنز موجود ہیں۔ تاجروں کے نمائندوں سے طے پانے والے نکات کے تحت دونوں طریقوں میں سے کسی کو اختیار نہ کرنے والے دکانداروں پر جرمانہ عائد کرنے کا اختیار ایف بی آر کے پاس موجود ہے۔

حکام کے مطابق دونوں آپشنز استعمال نہ کرنے والے دکاندار پر پہلے ماہ 10 ہزار روپے، دوسرے ماہ 25 ہزار روپے جبکہ تیسرے ماہ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

آسان ٹیکس اسکیم کے تحت دکاندار ٹرن اوور کی بنیاد پر مقررہ ٹیکس ادا کر سکیں گے یا معمول کے مطابق ٹیکس گوشوارہ جمع کراسکیں گے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ 15 ستمبر کو وزیر مملکت خزانہ بلال اظہر کیانی نے آسان ٹیکس اسکیم میں رجسٹر ہونے والے ایک دکاندار کی دکان پر سبز پلیٹ بھی لگائی تھی۔ اسکیم کا حصہ بننے والے دکاندار کی دکان میں ایف بی آر کا عملہ داخل نہیں ہوسکے گا اور عموماً اس کا آڈٹ بھی نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس میں ممبر اسٹرٹیجک ٹرانسفارمیشن ڈاکٹر حامد عتیق، ممبر ان لینڈ ریونیو آپریشنز زبیر بلال، ایف بی آر کے اعلیٰ حکام سمیت ملک بھر کے چیف کمشنرز اور کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

حکام کے مطابق آسان ٹیکس اسکیم کا بنیادی مقصد ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنا اور دکانداروں کو ٹیکس ادائیگی کے عمل میں سہولت فراہم کرنا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US