بھارت: ڈرائیور کے سگریٹ پینے سے بس میں آگ بھڑک اٹھی، 9 افراد جاں بحق

image

گریٹر نوئیڈا میں یمنا ایکسپریس وے پر مسافروں سے بھری سلیپر بس میں اچانک آگ لگنے سے ایک خاتون سمیت 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔

بس میں 30 سے 35 مسافر سوار تھے اور آگ نے چند ہی منٹوں میں گاڑی کے بیشتر حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ دھویں کے باعث مسافروں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا اور کئی افراد نے جان بچانے کے لیے بس سے نکلنے کی کوشش کی۔

حادثہ رات تقریباً ساڑھے 11 بجے پیش آیا۔ نئی دہلی سے اترپردیش کے مہوبا جانے والی بس نوئیڈا-آگرہ روٹ پر کلومیٹر نمبر 33 کے قریب پہنچی تو مسافروں کو ڈرائیور کیبن کی جانب سے جلنے کی بو محسوس ہوئی۔ کچھ ہی دیر بعد ڈرائیور کی نشست کے قریب شعلے بلند ہوگئے اور آگ تیزی سے مسافر حصے تک پہنچ گئی۔

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اجیت سنگھ کے مطابق ابتدائی طور پر بس میں آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے۔ تاہم پولیس کے پاس درج مقدمے میں مسافر سنیل کمار نے الزام عائد کیا کہ آگ لگنے سے پہلے ڈرائیور اور کنڈکٹر نے بس روکنے سے انکار کیا اور مسافروں کو دھمکایا۔

آگ پھیلنے کے بعد بس کے اندر دھواں بھر گیا اور مسافروں کے لیے باہر نکلنا مشکل ہوگیا۔ ڈرائیور پون اور کنڈکٹر یوگیش کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ حادثے کے بعد موقع سے فرار ہوگئے، جس کے بعد پولیس نے دونوں کو حراست میں لے لیا۔ بس کے مالک کا تعلق مدھیہ پردیش سے بتایا گیا ہے۔

موقع پر موجود افراد نے بس میں پھنسے لوگوں کو نکالنے کی کوشش کی۔ فائر ایکسٹنگوشر سے آگ پر قابو پانے کی کوشش کی گئی لیکن وہ مؤثر ثابت نہ ہوسکا۔ بس کے اندر سے مسافروں کی آوازیں سنائی دینے پر لوگوں نے کھڑکی کا شیشہ توڑ کر اندر موجود افراد کو باہر نکالنے کی کوشش کی۔ بعد ازاں فائر بریگیڈ نے پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔

حادثے میں بچ جانے والے ایک مسافر نے بتایا کہ وہ بس میں سو رہا تھا کہ کسی نے اسے جگا کر آگ لگنے کی اطلاع دی۔ اس وقت دھواں اتنا زیادہ تھا کہ باہر نکلنے کا راستہ بھی واضح دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ اس کے مطابق آگ بس کے اگلے حصے میں لگی تھی جبکہ وہ آخری حصے میں بیٹھا ہوا تھا۔

ایک اور مسافر رنکی راجپوت نے بتایا کہ وہ نوئیڈا سے اپنے گھر رتھ جا رہی تھی اور حادثے کے وقت سو رہی تھی۔ آگ کی اطلاع ملتے ہی وہ اپنا سامان چھوڑ کر صرف موبائل فون لے کر بس سے باہر نکل سکی۔ رنکی کے مطابق بس کے اندر شدید افراتفری تھی، مسافر ایک دوسرے کو دھکے دیتے ہوئے باہر نکلنے کی کوشش کر رہے تھے اور دھویں کے باعث سانس لینا بھی مشکل ہوگیا تھا۔

رنکی کا کہنا تھا کہ آگ ڈرائیور کی نشست کے قریب سامنے والے حصے سے شروع ہوئی، جبکہ اس کے پیچھے بڑی تعداد میں مسافر موجود تھے۔ اس نے خدشہ ظاہر کیا کہ پچھلی نشستوں پر موجود کئی افراد کو باہر نکلنے کا موقع نہیں مل سکا۔

حادثے کے بعد اترپردیش کے وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ کے مطابق متاثرہ خاندانوں سے رابطہ بھی کیا گیا ہے۔

اترپردیش حکومت نے حادثے میں جان گنوانے والے ہر فرد کے خاندان کے لیے 2 لاکھ بھارتی روپے جبکہ زخمیوں کے لیے 50 ہزار بھارتی روپے مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US