چینی صدر شی جن پنگ کے امریکا پہنچنے کے موقع پر جوائنٹ بیس اینڈریوز کی ایک مختصر ویڈیو سوشل میڈیا پر خاصی توجہ حاصل کر رہی ہے، جس میں امریکی فوجی اہلکار ان کی آمد سے کچھ دیر پہلے سرخ قالین کو ہاتھوں سے صاف اور درست کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
ویڈیو میں فوجی اہلکار تقریباً 30 میٹر طویل سرخ قالین پر موجود معمولی گرد یا ذرات ہٹاتے اور اسے باقاعدہ انداز میں درست کرتے نظر آتے ہیں۔ یہ انتظام شی جن پنگ کے استقبال سے چند لمحے قبل کیا گیا جس کے بعد ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی۔
شی جن پنگ 23 ستمبر کو صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دعوت پر تین روزہ سرکاری دورے کے لیے امریکا پہنچے۔ جوائنٹ بیس اینڈریوز پر ان کے لیے خصوصی استقبالی تقریب منعقد ہوئی جس میں گارڈ آف آنر، دونوں ممالک کے قومی ترانے، 21 توپوں کی سلامی اور جنگی طیاروں کا فلائی اوور شامل تھا۔
استقبالی تقریب کے دوران چھ F-22 اور چھ F-16 طیارے بھی موجود تھے جبکہ دو B-1 بمبار طیاروں نے فضائی مظاہرہ کیا۔ اسی تقریب کی ایک اور ویڈیو میں ٹرمپ اور شی جن پنگ کے جنگی طیاروں کی گھن گرج پر مختلف ردعمل بھی سوشل میڈیا پر زیرِ بحث آیا۔
سرخ قالین صاف کرنے کی ویڈیو نے بھی صارفین کی توجہ حاصل کی، جہاں بعض لوگوں نے اتنے بڑے سرکاری استقبال کی تیاریوں پر تبصرے کیے۔ شی جن پنگ کا یہ دورہ 25 ستمبر تک جاری رہے گا اور دونوں رہنماؤں کے درمیان تجارت، مصنوعی ذہانت اور دیگر اہم دوطرفہ معاملات پر بات چیت متوقع ہے