سعودی عرب میں ممکنہ فضائی خطرے کے پیش نظر مکہ مکرمہ، طائف اور دیگر اہم شہروں میں ہنگامی حفاظتی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ سول ڈیفنس نے ارلی وارننگ سسٹم فعال کرتے ہوئے شہریوں اور زائرین کو ممکنہ خطرے سے بروقت آگاہ کرنے کا سلسلہ شروع کردیا۔
سعودی حکام کے مطابق طائف کے بعد جدہ، ینبع اور تبوک میں بھی ارلی وارننگ الرٹس جاری کیے گئے ہیں۔ متعلقہ علاقوں میں موجود افراد کو موبائل پیغامات کے ذریعے صورتحال سے آگاہ کیا جا رہا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال میں فوری طور پر حفاظتی اقدامات کیے جا سکیں۔
سول ڈیفنس نے مکہ مکرمہ، طائف اور قریبی علاقوں کے رہائشیوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلنے اور سڑکوں پر سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ساتھ ہی سیکیورٹی، ریسکیو اور دیگر متعلقہ اداروں کو بھی ہائی الرٹ رکھا گیا ہے تاکہ ضرورت پڑنے پر امدادی کارروائیاں فوری شروع کی جا سکیں۔
جاری کیے گئے حفاظتی پیغام میں شہریوں سے کہا گیا ہے کہ وہ گھبرانے کے بجائے پرسکون رہیں اور گھروں کے اندر کسی محفوظ مقام پر رہیں۔ کھڑکیوں اور دروازوں سے دور رہنے کے ساتھ سول ڈیفنس کی جانب سے جاری ہونے والی ہدایات پر عمل کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا ضروری ہے جبکہ کسی بھی نئی پیش رفت یا ہدایت سے شہریوں کو متعلقہ ذرائع کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔