اقوام متحدہ میں اسرائیلی مندوب کی طنزیہ حرکت، ایرانی سفارت کار نے نظرانداز کردیا

image

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسرائیل کے مستقل مندوب ڈینی ڈینون نے ایرانی سفارت کار ناصر اسدی کو اسٹارلنک سیٹلائٹ انٹرنیٹ کی ڈیوائس پیش کرنے کی کوشش کی۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں ڈینی ڈینون ڈیوائس ہاتھ میں لیے ناصر اسدی کے قریب جاتے اور انہیں اسے تہران لے جانے کا کہتے دکھائی دیتے ہیں۔ ڈینون کے مطابق یہ ڈیوائس ایران میں ان کے لیے مفید ثابت ہوسکتی ہے، تاہم ایرانی سفارت کار نے کوئی جواب نہیں دیا اور اسرائیلی مندوب کو نظر انداز کردیا۔

یہ وہی اسٹارلنک ڈیوائس ہے جسے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے جنرل اسمبلی سے خطاب کے دوران بھی دکھایا تھا۔ نیتن یاہو نے کہا تھا کہ اسٹارلنک سروس ایرانی شہریوں کو حکومتی پابندیوں اور انٹرنیٹ پر عائد سنسرشپ سے بچنے میں مدد دے سکتی ہے۔

اسرائیلی قیادت کی جانب سے اسٹارلنک کا یہ معاملہ ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری سیاسی کشیدگی کے تناظر میں سامنے آیا ہے۔ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران دونوں ممالک کے نمائندوں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف سخت مؤقف بھی سامنے آتے رہے ہیں۔

ناصر اسدی اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جنرل اسمبلی سے تقریر کے دوران بھی احتجاج ریکارڈ کرا چکے ہیں۔ اس موقع پر وہ اپنی نشست پر موجود رہے جبکہ ایرانی وفد کے دیگر ارکان اجلاس سے باہر چلے گئے تھے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US