غزہ میں فوجی کارروائی کے دوران اسرائیلی فوج کے زیرِ استعمال ایک چھوٹا دھماکا خیز ڈرون اڑان کے دوران اچانک گر گیا۔ بعد ازاں اسے چیک کرنے کے لیے قریب جانے والے دو فوجی اس وقت ہلاک ہوگئے جب ڈرون اچانک پھٹ گیا۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت 24 سالہ ماسٹر سارجنٹ ناداف کالی اور 23 سالہ ماسٹر سارجنٹ اوفیک موئلم کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں یروشلم بریگیڈ کی 7007 ویں بٹالین میں خدمات انجام دے رہے تھے۔
فوجی حکام کے مطابق دونوں اہلکار شمالی غزہ میں ایک فوجی چوکی سے ایف پی وی ڈرونز آپریٹ کر رہے تھے۔ ڈرون نے اپنا پہلا مشن مکمل کرلیا تھا، تاہم دوسری مرتبہ اڑان بھرنے کے دوران نامعلوم وجہ سے چوکی کے اندر ہی گر گیا۔
دونوں اہلکار گرے ہوئے ڈرون کا جائزہ لینے کے لیے اس کے قریب گئے اور اسے اٹھایا، اسی دوران بارودی مواد سے بھرا ڈرون زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔ دونوں شدید زخمی ہوئے اور بعد میں اسپتال میں دم توڑ گئے۔
واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے دھماکا خیز مواد لے جانے والے تمام چھوٹے ڈرونز کی پرواز عارضی طور پر روک دی ہے۔ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے ماہرین پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی بھی قائم کردی گئی ہے۔