افغانستان میں طالبان رجیم کے خلاف مسلح مزاحمت میں تیزی آنے لگی، افغانستان فریڈم فرنٹ نے نورستان اور کنڑ میں طالبان کی متعدد چوکیوں پر قبضے اور حملوں کا دعویٰ کیا ہے۔
افغانستان فریڈم فرنٹ کے مطابق ضلع کمدیش اور ناری میں طالبان کی چوکیوں پر بڑے حملے کیے گئے۔ فرنٹ کا کہنا ہے کہ طالبان نے اس کی پوزیشنز پر قبضے کی کوشش کی، جس کے بعد جھڑپیں شروع ہوئیں، تاہم فریڈم فرنٹ کے جنگجوؤں نے طالبان کے حملے ناکام بنا دیے۔
فرنٹ کے مطابق نورستان اور کنڑ کے دونوں اضلاع میں شدید جھڑپیں جاری ہیں۔
دوسری جانب ایک ہفتے کے دوران طالبان کے خلاف مسلح مزاحمتی گروہوں کی کم از کم 10 کارروائیاں بھی رپورٹ ہوئی ہیں۔ کابل، سرائے پل، قندھار، بدخشاں، کنڑ، نورستان، پروان اور پکتیا میں طالبان کی چوکیوں، گاڑیوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنائے جانے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
مسلح مزاحمتی گروہوں کے مطابق ان کارروائیوں میں 17 طالبان اہلکار ہلاک جبکہ 10 زخمی ہوئے۔
مزاحمتی گروہوں کے دعووں کے مطابق رواں ماہ اب تک افغانستان میں 39 کارروائیوں کے دوران تقریباً 70 طالبان اہلکار ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوچکے ہیں۔
ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔