سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں اسکولوں کو ایک ہفتے کے لیے آن لائن تعلیم پر منتقل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ والدین کو مختلف اسکولوں کی جانب سے ای میل کے ذریعے اس فیصلے سے آگاہ کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق طلبہ اس دوران گھروں سے ہی اپنی کلاسز میں آن لائن شرکت کریں گے۔ حکام کی جانب سے اس فیصلے کی کوئی واضح وجہ باضابطہ طور پر بیان نہیں کی گئی۔
یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب خطے میں سیکیورٹی صورتحال کے باعث کشیدگی میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کو نشانہ بنانے والے حملوں کے تناظر میں بھی تشویش کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔
اس سے قبل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے عام شہریوں جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں کے متاثر ہونے پر تشویش ظاہر کی تھی۔