دبئی سے تل ابیب جانے والی فلائی دبئی کی پرواز FZ1073 میں کاک پٹ کے اندر پائلٹس کے درمیان جھگڑے کے بعد طیارے کی سعودی عرب کے تبوک ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کروائی گئی۔
فلائٹ ٹریکنگ کے مطابق پرواز نے دورانِ پرواز پہلے ہنگامی کوڈ 7700 اور پھر مختصر وقت کے لیے ہائی جیکنگ سے متعلق کوڈ 7500 جاری کیا، جس کے بعد طیارے کو اردن کی فضائی حدود سے سعودی عرب کی جانب موڑ دیا گیا اور فوجی طیاروں نے اسے گھیرے میں لے کر تبوک ایئرپورٹ پر اتارا۔
ابتدائی جائزے کے مطابق ہنگامی سگنل کاک پٹ میں تنازع کے دوران فعال ہوا تھا۔ طیارے میں 150 سے زائد اسرائیلی مسافر سوار تھے۔
ترجمان اسرائیلی وزیراعظم نے واقعے کے ہائی جیکنگ ہونے کی تردید کی ہے، جبکہ ایک سینئر اسرائیلی عہدیدار کے مطابق طیارے کے معاون پائلٹ سے تحقیقات جاری ہیں اور ایسے اشارے ملے ہیں کہ اس نے طیارہ کریش کرنے کے لیے کنٹرول سنبھالنے کی کوشش کی تھی۔