خان یونس میں ایک بار پھر اسرائیلی حملے میں فلسطینی جانوں کا نقصان ہوا ہے۔ جنوبی غزہ کے علاقے المواسی میں ہونے والی بمباری کے نتیجے میں معروف صحافی محمد عبدالعزیز النجر بھی شہید ہوگئے۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ کارروائی ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جنگ بندی کے باوجود غزہ میں حملوں اور اموات کے واقعات مسلسل رپورٹ کیے جارہے ہیں۔
محمد النجر کی موت کے بعد سامنے آنے والے مناظر نے واقعے کو مزید دردناک بنا دیا۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق ان کے بچوں نے اپنے والد کو آخری بار الوداع کہتے ہوئے کہا اللہ آپ پر رحم کرے بابا۔
غزہ کے ساتھ خطے کے دوسرے حصوں میں بھی کشیدگی برقرار ہے۔ رپورٹس کے مطابق اسرائیلی جنگی طیاروں نے جنوبی لبنان میں مختلف مقامات کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ جنوبی لبنان کے علاقے نباتیہ الفوقا میں توپ خانے سے بھی گولہ باری کی گئی۔ غزہ اور لبنان میں ہونے والی ان کارروائیوں کے باعث خطے میں صورتحال بدستور کشیدہ ہے۔