جاپان کے شہر ایچی ناگویا میں جاری 20ویں ایشین گیمز 2026ء کے اسکواش مقابلے میں پاکستان کی مردوں کی اسکواش ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سلور میڈل حاصل کرلیا ہے۔
فائنل مقابلے میں پاکستان کی قومی ٹیم کو ملائیشیا کے خلاف سخت مقابلے کے بعد 2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جس کے نتیجے میں پاکستان چاندی کے تمغے کا حقدار ٹھہرا۔
فائنل کے پہلے میچ میں پاکستان کے ناصر اقبال اور ملائیشیا کے امیشراج چندرن کے درمیان کڑا مقابلہ ہوا۔ ناصر اقبال نے پہلا گیم 11-8 سے جیت کر اچھا آغاز کیا، تاہم ان کے حریف نے شاندار واپسی کرتے ہوئے اگلا پورا کنٹرول حاصل کرلیا اور اگلے تینوں گیمز 11-3، 11-6 اور 11-4 سے جیت کر میچ 3-1 سے اپنے نام کر لیا۔
دوسرے مقابلے میں پاکستان کے نور زمان کا سامنا ملائیشیا کے این یو نگ سے ہوا۔ نور زمان نے پہلا گیم 8-11 سے ہارنے کے بعد زبردست کھیل پیش کیا اور مسلسل دو گیمز 11-6 اور 11-7 سے جیت کر مقابلے میں برتری حاصل کرلی۔ تاہم چوتھے گیم میں ملائیشین کھلاڑی نے 11-4 سے کامیابی حاصل کی اور پھر فیصلے کے پانچویں گیم میں 11-5 سے فتح سمیٹ کر 53 منٹ پر محیط یہ سنسنی خیز میچ اور گولڈ میڈل اپنے نام کرلیا۔
اس سے قبل، پاکستان نے سیمی فائنل میں ہانگ کانگ کے خلاف 2-1 سے شاندار اور تاریخی فتح حاصل کر کے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ ایونٹ کے دوران مردوں کے انفرادی (سنگلز) مقابلے میں نور زمان اور اشہب عرفان پہلے ہی برونز میڈل جیت چکے تھے۔ اس سلور میڈل کے ساتھ، ایشین گیمز 2026ء میں پاکستان اسکواش ٹیم نے مجموعی طور پر ایک چاندی اور دو کانسی کے تمغوں کے ساتھ اپنے سفر کا اختتام کیا۔