جنوبی افریقا کے فاسٹ بولر کگیسو ربادا نے آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میچ میں 350 وکٹیں مکمل کرکے عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔
ربادا نے یہ سنگ میل صرف 13 ہزار 808 گیندوں پر عبور کیا، جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 350 وکٹیں حاصل کرنے کے لیے کسی بھی بولر کی جانب سے کم ترین گیندوں کا ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل یہ اعزاز جنوبی افریقا کے سابق فاسٹ بولر ڈیل اسٹین کے پاس تھا، جنہوں نے 14 ہزار 719 گیندوں پر 350 وکٹیں مکمل کی تھیں۔
ربادا نے اپنے 75ویں ٹیسٹ میچ میں یہ اعزاز حاصل کیا، جبکہ ڈیل اسٹین نے 69 میچز میں 350 وکٹیں مکمل کی تھیں۔ وہ 350 یا اس سے زائد ٹیسٹ وکٹیں لینے والے جنوبی افریقا کے چوتھے فاسٹ بولر بھی بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے ڈیل اسٹین، شان پولاک اور مکھایا نتینی یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں۔
آسٹریلیا کی دوسری اننگز میں ربادا نے پہلے ہی اوور میں مارنس لبوشین اور میٹ رینشا کو پویلین بھیجا، جبکہ ٹریوس ہیڈ ان کی 350ویں ٹیسٹ وکٹ بنے۔