آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ 2027 کے شیڈول پر سوالات اٹھنے لگے

image

آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 کا شیڈول جاری ہوتے ہی بھارت کو دیے گئے ممکنہ فائدے اور شیڈولنگ پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔

شیڈول کے مطابق بھارت کا پہلا میچ 7 اکتوبر کو کیپ ٹاؤن میں آسٹریلیا کے خلاف ہوگا، جبکہ پاکستان کی ٹیم اپنا پہلا میچ 8 اکتوبر کو تشوانے میں افغانستان کے خلاف کھیلے گی۔

روایتی حریفوں پاکستان اور بھارت کا اہم ٹکراؤ 10 اکتوبر کو جوہانسبرگ میں ہوگا۔ اس شیڈولنگ کی وجہ سے پاکستان کو افغانستان کے خلاف سخت مقابلے کے بعد بھارت کے خلاف بڑے میچ کی تیاری کے لیے صرف ایک دن کا وقفہ ملے گا۔ پاکستان کو تشوانے سے جوہانسبرگ کا سفر کرنے، تھکن دور کرنے، پریکٹس اور حکمت عملی بنانے کے لیے انتہائی محدود وقت مل سکے گا۔

دوسری جانب، بھارت 7 اکتوبر کو آسٹریلیا سے کھیلنے کے بعد 8 اور 9 اکتوبر کو مکمل دو دن کا وقفہ حاصل کرے گا، جس سے اسے پاک بھارت معرکے سے قبل تیاری کا بھرپور موقع ملے گا۔اس کے علاوہ گروپ مرحلے میں میچوں کی ترتیب پر بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔

بھارتی ٹیم کا گروپ مرحلے کا آخری میچ 24 اکتوبر کو نسبتاً کمزور سمجھی جانے والی ٹیم زمبابوے کے خلاف ہے۔ سابقہ ریکارڈز کا جائزہ لیا جائے تو 2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت کا آخری گروپ میچ نیدرلینڈز، 2024 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں کینیڈا اور 2023 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں بھی نیدرلینڈز کے خلاف تھا۔

مسلسل مختلف ورلڈ کپ ٹورنامنٹس میں بھارت کے آخری گروپ میچز کم رینکنگ والی ٹیموں کے ساتھ شیڈول کیے جانے پر ناقدین کا کہنا ہے کہ اس سے بھارت کو گروپ مرحلے کے اختتام پر اپنے رن ریٹ کو بہتر بنانے کا اضافی موقع اور فائدہ مل سکتا ہے۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US