انڈر 19 ویمنز ٹی 20 سیریز: بنگلا دیش نے افتتاحی میچ میں پاکستان کو 30 رنز سے ہرا دیا

image

فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں کھیلے گئے انڈر 19 ویمنز ٹی 20 سہ فریقی سیریز کے افتتاحی میچ میں بنگلا دیش نے ہوسٹ پاکستان کو 30 رنز سے شکست دے دی۔

بنگلا دیشی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 117 رنز بنائے۔ سعدیہ اختر 34 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں جبکہ نشیتا اختر نے 23 اور سعدیہ اسلم نے 12 رنز اسکور کیے۔

پاکستان کی جانب سے بائیں ہاتھ کی فاسٹ باؤلر مہنور زیب نے 24 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں اور روزینہ اکرم نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں 118 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 87 رنز ہی بنا سکی۔ کومل خان 29 اور راویل فرحان 17 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

بنگلا دیش کی جانب سے آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی نشیتا اختر نے چار اوورز میں 16 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں۔

پاکستان انڈر 19 ویمنز ٹیم اپنا اگلا میچ ہفتے کے روز سری لنکا کے خلاف اسی میدان میں کھیلے گی۔

انڈر 19 ویمنز ٹی 20 سہ فریقی سیریز کے مکمل شیڈول کے مطابق تمام میچز اقبال اسٹیڈیم، فیصل آباد میں کھیلے جائیں گے۔

شیڈول کے مطابق 5 اکتوبر کو سری لنکا بمقابلہ بنگلا دیش، 6 اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ بنگلا دیش، 8 اکتوبر کو بنگلا دیش بمقابلہ سری لنکا، 9 اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ سری لنکا، 11 اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ بنگلا دیش، 12 اکتوبر کو پاکستان بمقابلہ سری لنکا، 14 اکتوبر کو سری لنکا بمقابلہ بنگلا دیش جبکہ 16 اکتوبر کو فائنل میچ ہوگا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US