چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی نے انتہا پسندی اور بائیکاٹ کی سیاست نہ چھوڑی تو عمران خان جیل میں رہنے کے معاملے میں آصف علی زرداری کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔
اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے بیشتر مسائل انتہا پسندی اور بائیکاٹ کی سیاست کی وجہ سے پیدا ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی روایت ہے کہ آج جیل میں موجود شخص کل اقتدار میں بھی آ سکتا ہے تاہم اس کے لیے پی ٹی آئی کو اپنا سیاسی طرزِ عمل تبدیل کرنا ہوگا۔
بلاول بھٹو نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ منفی سیاست کے راستے پر چل رہے ہیں۔ ان کے مطابق وفاقی حکومت کچھ روز قبل خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی نافذ کرنے کے لیے تیار تھی تاہم صوبے میں گورنر راج آخری آپشن ہوگا۔
ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جو جماعت یونین کونسل کی نشست نہیں جیت سکتی، وہ صوبے کی بات کر رہی ہے۔ انہوں نے مصطفیٰ کمال اور محسن نقوی کو سندھ کے مختلف شہروں میں جا کر عوام سے پوچھنے کا مشورہ دیا کہ کیا وہ الگ صوبہ چاہتے ہیں۔