روس کے وزیر داخلہ ولادیمیر کولاکولتسیف نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ اسلام آباد پولیس لائنز اور پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا، جہاں پولیس اور وفاقی کانسٹیبلری کے چاق و چوبند دستوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
اسلام آباد پولیس لائنز آمد پر روسی وزیر داخلہ کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر انہوں نے پولیس کی خصوصی پریڈ کا معائنہ کیا، جبکہ پاکستان اور روس کے قومی ترانے بھی بجائے گئے۔ پولیس کے خصوصی دستوں نے مہمان وزیر کو سلامی پیش کی اور تقریب کے دوران انہیں پاکستانی پرچم پیش کیا گیا، جسے انہوں نے احتراماً بوسہ دیا۔
روسی وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس کے افسران اور اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ اس موقع پر آئی جی اسلام آباد پولیس سہیل چوہدری، ڈپٹی انسپکٹر جنرلز اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے۔
بعد ازاں ولادیمیر کولاکولتسیف نے وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کے ہمراہ پاکستان مونومنٹ کا دورہ کیا، جہاں وفاقی کانسٹیبلری کے دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ روسی وزیر داخلہ نے یادگارِ شہدا پر حاضری دی اور پھول چڑھا کر وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
دورے کے دوران روسی وزیر داخلہ نے شکرپڑیاں سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور مارگلہ کے پہاڑی سلسلے کے قدرتی مناظر بھی دیکھے اور شہر کی خوبصورتی کو سراہا۔