شکارپور: بیٹے کی شہادت کا صدمہ نا قابلِ برداشت، شہید پولیس افسر نہال بروہی کے والد بھی چل بسے

image

شکارپور میں فرائض کی ادائیگی کے دوران مسلح افراد کے حملے میں شہید ہونے والے پولیس افسر نہال بروہی کے والد، بیٹے کی شہادت کا صدمہ برداشت نہ کرتے ہوئے دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے۔

محمد عمر بروہی بیٹے کی شہادت کے بعد سے اسپتال میں زیر علاج تھے، تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔ ایک ہی گھر سے دو جنازے اٹھنے پر پورا علاقہ سوگوار ہے اور خاندان پر غم کے پہاڑ ٹوٹ پڑے ہیں۔

گزشتہ دنوں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں کیس کی سماعت میں حاضری کے بعد واپس پولیس لائنز جاتے ہوئے سب انسپکٹر نہال خان بروہی کو نیو فوجداری تھانے کی حدود میں رستم چوک کے قریب پہلے سے گھات لگائے موٹر سائیکل سوار ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر کے شہید کر دیا تھا۔

ابتدائی تحقیقات اور مقتول کے لواحقین کے بیانات کے مطابق یہ حملہ مبینہ طور پر ایک ڈاکو کی ہلاکت کا بدلہ لینے کے لیے کیا گیا۔

شہید سب انسپکٹر کے والد محمد عمر بروہی نے اپنے انتقال سے قبل دیے گئے بیان میں مارفانی برادری کے مسلح افراد پر الزام عائد کیا تھا کہ انہوں نے پرانی دشمنی اور انتقام کی بنا پر ان کے بیٹے کو نشانہ بنایا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US