ٹیسلا کے چیف ایگزیکٹو ایلون مسک نے ٹیکساس میں منعقدہ ایک ایونٹ کے دوران کمپنی کی نئی روڈسٹر گاڑی متعارف کرائی ہے، جس کے بارے میں ان کا دعویٰ ہے کہ یہ پرواز کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔
دو نشستوں والی یہ اسپورٹس گاڑی ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں 0 سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار حاصل کر سکتی ہے اور انتہائی ڈھلوان راستوں پر چلنے کے ساتھ ساتھ الٹی لٹک کر ایئر جیٹ کے ذریعے نیچے لینڈ بھی کر سکتی ہے۔
مظاہرے کے دوران گاڑی میں کوئی ڈرائیور موجود نہیں تھا، جس کی وضاحت کرتے ہوئے ایلون مسک نے بتایا کہ آزمائش کے دوران کسی حادثے میں جانی نقصان سے بچنے کے لیے ڈرائیور کو نہیں بٹھایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کامیابی کی کوئی حتمی ضمانت نہیں اور ہو سکتا ہے کہ یہ دعوؤں کے مطابق مکمل طور پر کام کرے یا نہ کرے، تاہم اس دوران محفوظ فاصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔
ایک اور مظاہرے میں روڈسٹر کو ایئر جیٹ کے ذریعے ٹیسلا کی دیگر گاڑیوں کے اوپر سے اڑ کر گزرتے ہوئے دکھایا گیا۔ گاڑی کو ہوا میں معلق رکھنے اور رفتار بڑھانے کے لیے 10 نوزلز پر مشتمل الٹرا ہائی پریشر ایئر ٹینکس استعمال کیے گئے ہیں۔ ایلون مسک کے مطابق یہ گاڑی دنیا کی بہترین کار ساز کمپنی اور بہترین راکٹ کمپنی کے باہمی اشتراک کا نتیجہ ہے۔
گاڑی کی پروڈکشن 2028 میں شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم آزمائش کے دوران طویل پرواز کا مظاہرہ نہ کیے جانے کی وجہ سے حقیقی زندگی میں عام ڈرائیورز کے لیے اس فیچر کی عملی افادیت کے حوالے سے حتمی طور پر کچھ کہنا فی الوقت قبل از وقت ہے۔