قومی اسمبلی میں پیش کی گئی وزارت خارجہ کی دستاویز کے مطابق دنیا کے 72 ممالک میں 21 ہزار 647 پاکستانی قید ہیں جن میں 13 ہزار 78 زیر ٹرائل اور 8 ہزار 569 سزا یافتہ ہیں۔
یہ قیدی دھوکا دہی، منشیات اسمگلنگ، جنسی حملوں، جعلی ویزوں اور دستاویزات سمیت قتل کے مقدمات میں ملوث ہیں۔
سب سے زیادہ 10 ہزار 745 پاکستانی سعودی عرب کی جیلوں میں قید ہیں جن میں سے 5 ہزار 445 جدہ اور 5 ہزار 300 ریاض میں قید ہیں جبکہ دوسرے نمبر پر متحدہ عرب امارات میں 5 ہزار 297 پاکستانی قید ہیں۔
اس کے علاوہ 2 ہزار 100 قیدی ایسے 14 ممالک میں بند ہیں جن کے ساتھ ملزمان کی حوالگی کا کوئی معاہدہ موجود نہیں ہے، جن میں عراق میں 81، اردن میں 8، مصر میں 12، بحرین میں 581، عمان میں 252، قطر میں 599، آسٹریلیا میں 27، جنوبی کوریا میں 7، جاپان میں 16، ملائیشیا میں 459، تھائی لینڈ میں 35، کمبوڈیا میں 22 جبکہ فلپائن اور ویتنام میں ایک، ایک پاکستانی قید ہے۔