چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں علاقائی سیکیورٹی صورتحال اور دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات 21 اکتوبر 2026 کو ہوئی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، خطے کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور پاکستان و مالدیپ کے درمیان دوطرفہ تعاون بڑھانے کے امکانات پر گفتگو کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دونوں رہنماؤں نے دفاعی تعاون، ادارہ جاتی روابط اور پیشہ ورانہ تبادلوں کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔
اس موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دیرینہ اور خوشگوار تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے دوطرفہ تعاون کے مزید فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے تعمیری روابط کے ذریعے علاقائی امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل کوششوں کی تعریف کی۔