امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر 2025 کی پاک بھارت جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا ہے کہ لڑائی کے دوران 11 طیارے گرائے گئے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے دونوں جوہری طاقتوں کو جنگ روکنے پر آمادہ کرنے کے لیے تجارت بند کرنے اور بھاری ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی تھی۔
فلوریڈا میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے دنیا بھر میں آٹھ جنگیں رکوانے میں کردار ادا کیا، جن میں سے پانچ تنازعات ٹیرف کے ذریعے روکے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ان کوششوں کے باوجود انہیں نوبیل انعام نہیں ملا۔ ٹرمپ کے مطابق جنگیں رکوانے میں اقوام متحدہ نے مدد نہیں کی اور یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔
امریکی صدر نے ایران کے حوالے سے بھی سخت بیان دیتے ہوئے کہا کہ ایران کے خلاف ایک اور آپریشن کیا جا سکتا ہے، تاہم امریکا جنگ جلد ختم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوال یہ ہے کہ جنگ ختم کی جائے یا ایران کو مزید کمزور ہونے دیا جائے۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ ایران کے معاملے کے بعد کیوبا سے بھی نمٹا جائے گا اور معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے مارکو روبیو کو بھیجا جائے گا۔ آبنائے ہرمز کے حوالے سے ان کا دعویٰ تھا کہ وہاں سے تیل کی ترسیل جاری ہے اور موجودہ برآمدات جنگ سے پہلے کی سطح سے بھی زیادہ ہیں۔