غیر رجسٹرڈ موبائل فونز پر ٹیکس اقساط میں ادا کرنے کی سہولت متعارف

image

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے پاکستان میں غیر رجسٹرڈ موبائل فونز کی رجسٹریشن کے لیے سیلز ٹیکس اقساط میں ادا کرنے کی سہولت متعارف کرا دی۔

ایف بی آر کی جانب سے موبائل فونز کی رجسٹریشن اور ٹیکس ادائیگی کے طریقہ کار میں ترمیم کی گئی ہے، جس کے تحت اہل صارفین درآمد شدہ موبائل فونز پر سیلز ٹیکس مالی سال کے باقی مہینوں میں برابر ماہانہ اقساط میں ادا کرسکیں گے۔

نئے طریقہ کار کے مطابق صارفین کو ڈیوائس آئیڈینٹیفکیشن رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم (DIRBS) کے ذریعے درخواست دیتے وقت ہی اقساط میں ادائیگی کا اختیار منتخب کرنا ہوگا۔ اقساط کی تعداد درخواست جمع کرانے کے وقت مالی سال میں باقی مہینوں کے مطابق مقرر کی جائے گی۔

ایف بی آر کے مطابق پہلی قسط درخواست کے وقت جاری ہونے والے پےمنٹ سلپ آئی ڈی (PSID) کے ذریعے ادا کرنا ہوگی، جبکہ آئندہ اقساط ہر ماہ مقررہ تاریخ پر الگ PSID کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی۔ تمام اقساط کی ادائیگی 30 جون سے پہلے مکمل کرنا لازمی ہوگا، تاہم صارفین مقررہ مدت سے قبل بھی مکمل ٹیکس ادا کرسکیں گے۔

ترمیم شدہ طریقہ کار کے تحت مقررہ تاریخ پر قسط ادا نہ کرنے والے صارف کو ڈیفالٹر تصور کیا جائے گا۔ قسط کی عدم ادائیگی پر موبائل فون کی رجسٹریشن منسوخ کرکے اسے DIRBS کے ذریعے بلاک کیا جاسکے گا۔

مزید برآں، کسی قسط کی ادائیگی میں تاخیر کی صورت میں باقی تمام سیلز ٹیکس فوری طور پر واجب الادا ہوجائے گا اور صارف ماہانہ اقساط کی سہولت سے محروم ہوجائے گا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US