سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے اضلاع کچھی اور وڈھ میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر دو کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان کے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دونوں کارروائیاں 26 اکتوبر کو دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع کچھی میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، جہاں شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد بھارتی سرپرستی میں سرگرم 7 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ کارروائی کے دوران اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ضلع وڈھ میں دوسری کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا اور انہیں روکنے کے بعد فائرنگ کے تبادلے میں مزید 2 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ اس کارروائی میں بھی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری ہیں۔
ترجمان کے مطابق وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظور کردہ قومی ایکشن پلان کی حکمت عملی ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی، تاکہ ملک سے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جاسکے۔