فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں مزید تبدیلیوں کا مسودہ جاری کرتے ہوئے کمپنیوں کے مالی گوشوارے الیکٹرانک طریقے سے جمع کرانے کے لیے نئے قواعد تجویز کردیے ہیں۔
ایف بی آر کے نوٹیفکیشن کے مطابق ٹیکس سال 2026 اور اس کے بعد کمپنیوں کو انکم ٹیکس ریٹرن کے ساتھ مالی گوشوارے صرف آئی آر آئی ایس (IRIS) کے ذریعے جمع کرانا ہوں گے۔
مجوزہ ترامیم کے تحت ایف بی آر مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی کمپنیوں کے لیے مالی گوشواروں کے الگ الگ فارمیٹس مقرر کرسکے گا۔ کمپنیوں کے مالی گوشوارے بورڈ کی جانب سے متعین کردہ ڈیٹا اسکیم، ٹیکسونومی اور تکنیکی معیارات کے مطابق تیار کرنا ہوں گے۔
مسودے میں الیکٹرانک دستاویزات کی تصدیق کے لیے ڈیجیٹل دستخط یا دیگر منظور شدہ الیکٹرانک طریقے استعمال کرنے کی اجازت بھی تجویز کی گئی ہے۔ کامیاب فائلنگ کے بعد آئی آر آئی ایس منفرد ریفرنس نمبر کے ساتھ الیکٹرانک اقرار نامہ جاری کرے گا، جو دستاویزات جمع کرانے کا ثبوت ہوگا۔
ایف بی آر کے مطابق مجوزہ ترامیم پر اعتراضات اور تجاویز نوٹیفکیشن کی اشاعت کے سات دن کے اندر جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ موصول ہونے والی تجاویز اور اعتراضات کا جائزہ لینے کے بعد ان ترامیم کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
دوسری جانب مالی سال 2025-26 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی مقررہ تاریخ قریب آنے کے باوجود آئرس پورٹل پر تکنیکی خرابیوں اور سست روی کے باعث متعدد ٹیکس گزار اپنے ریٹرنز جمع کرانے میں مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں جس پر آخری تاریخ میں توسیع کا مطالبہ سامنے آگیا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس سال 2026 کے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر 2026 مقرر کی تھی۔ ٹیکس گزاروں کے مطابق ڈیڈ لائن قریب آنے پر پورٹل پر رش بڑھنے سے ریٹرن فائلنگ کا عمل متاثر ہو رہا ہے اور گوشوارے جمع کرانے میں غیر معمولی تاخیر پیش آرہی ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹیکس سال 2026 کے انکم ٹیکس ریٹرن فارم میں تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔ حتمی فارم 2 ستمبر 2026 کو جاری ہوا، جس کے بعد ٹیکس گزاروں کو گوشوارے جمع کرانے کے لیے تقریباً 28 دن ملے۔
ٹیکس گزاروں کا کہنا ہے کہ ریٹرن فارم کے اجرا میں تاخیر اور پورٹل کے تکنیکی مسائل کے باعث انہیں مقررہ وقت میں گوشوارے مکمل کرنے میں دشواری پیش آرہی ہے۔
انہوں نے ایف بی آر سے مطالبہ کیا ہے کہ آئرس پورٹل کی سست روی اور فائلنگ میں درپیش مشکلات کے پیش نظر انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں توسیع کی جائے تاکہ ٹیکس گزار اپنے ریٹرنز مکمل کرکے جمع کرا سکیں۔