مریدکے میں پانچ سالہ بچے سے مبینہ زیادتی اور قتل کے مقدمے میں نامزد دو ملزمان کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ (سی سی ڈی) کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے میں مارے گئے جبکہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
پولیس کے مطابق گشت کے دوران ملزمان نے پولیس وین پر فائرنگ کردی، جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں دو ملزمان ہلاک ہوگئے۔
پولیس نے ہلاک ملزمان کی شناخت آصف ولد لیاقت اور منیب ولد اشرف کے نام سے کی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔
ہلاک ملزمان کی لاشیں قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردی گئی ہیں، جبکہ فرار ہونے والے دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔