21 سال بعد گھر میں خوشیوں کی آمد، سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی بیٹے کے باپ بن گئے

image

پاکستان کے سابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کے گھر طویل عرصے بعد خوشیوں نے دستک دی ہے۔ 21 سال کے انتظار کے بعد ان کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے، جس پر اہلِ خانہ اور قریبی عزیزوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔

اس خوش خبری کے سامنے آنے کے بعد ملک بھر سے سیاسی شخصیات، دوستوں اور خیر خواہوں کی جانب سے صادق سنجرانی کو مبارک باد کے پیغامات موصول ہو رہے ہیں اور نومولود کی صحت، سلامتی اور روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا جا رہا ہے۔

48 سالہ صادق سنجرانی کا تعلق بلوچستان کے علاقے نوکنڈی سے ہے۔ وہ مارچ 2018 سے مارچ 2024 تک چیئرمین سینیٹ کے عہدے پر فائز رہے۔ انہیں بلوچستان سے تعلق رکھنے والے پہلے چیئرمین سینیٹ ہونے کا اعزاز حاصل ہے، جبکہ وہ 39 برس کی عمر میں اس منصب پر پہنچنے والے کم عمر ترین سیاست دان بھی تھے۔

صادق سنجرانی نے اپنے سیاسی اور انتظامی سفر کے دوران مختلف اہم ذمہ داریاں انجام دیں۔ وہ 1998 اور 1999 میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی ٹیم میں کوآرڈینیٹر رہے، جبکہ 2008 سے 2013 کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے دورِ حکومت میں وزیراعظم سیکریٹریٹ سے بھی وابستہ رہے۔

طویل سیاسی مصروفیات اور اہم سرکاری ذمہ داریوں کے بعد صادق سنجرانی کی زندگی میں آنے والی اس ذاتی خوشی پر ان کے چاہنے والے بھی مسرت کا اظہار کر رہے ہیں۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US