وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری سے بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل عابد حمید نے ملاقات کی، جس میں پاکستان میرین اکیڈمی اور بحریہ یونیورسٹی کے درمیان تعلیمی تعاون اور اشتراک کو فروغ دینے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر جنید انوار چوہدری نے کہا کہ بلیو اکانومی کی ترقی کے لیے بحری تعلیم کا فروغ ناگزیر ہے، تعلیمی پالیسیوں کو بحری شعبے کی ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہوگا جبکہ اس شعبے میں ہنرمند افرادی قوت کی تیاری وقت کی اہم ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ساحلی اور ماہی گیر برادریوں سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو معیاری تعلیم کے بہتر مواقع فراہم کیے جانے چاہئیں۔ پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) میں سمندری معیشت کا حصہ صرف 0.4 فیصد ہے، جس میں اضافے کے لیے مؤثر اقدامات ضروری ہیں۔
جنید انوار چوہدری کا کہنا تھا کہ ساحلی ماحولیاتی نظام کا تحفظ بھی بلیو اکانومی کی پائیدار ترقی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
ملاقات میں ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل عابد حمید نے کہا کہ بحریہ یونیورسٹی پاکستان میرین اکیڈمی کے ساتھ تعلیمی تعاون بڑھانے کے لیے تیار ہے، جبکہ بحری تعلیم، تحقیق اور پیشہ ورانہ تربیت کے شعبوں میں مشترکہ اقدامات کے وسیع مواقع موجود ہیں۔