وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے انتخابی سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز ہوگیا، الیکشن کمیشن نے 20 دسمبر کو ہونے والے انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے، جس کے تحت امیدوار آج سے 6 نومبر تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے۔
الیکشن شیڈول کے مطابق جمع کرائے گئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 9 سے 13 نومبر تک ہوگی، جبکہ مسترد ہونے والے کاغذات کے خلاف 14 سے 18 نومبر تک اپیلیں دائر کی جاسکیں گی۔ اپیلٹ اتھارٹی 19 سے 23 نومبر تک اپیلوں پر فیصلے کرے گی۔
انتخابی شیڈول کے تحت امیدوار 25 نومبر تک اپنے کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے، جبکہ 26 نومبر کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔
الیکشن کمیشن نے انتخابی انتظامات کی نگرانی کے لیے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر مقرر کردیا ہے۔ اس کے علاوہ 16 ریٹرننگ افسران اور 32 اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران بھی تعینات کیے گئے ہیں۔ انتخابی عملے کا تقرر اسلام آباد انتظامیہ اور محکمہ تعلیم سے کیا گیا ہے۔
اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات 20 دسمبر کو منعقد ہوں گے، جبکہ انتخابی نتائج مرتب کرنے کا عمل 21 سے 24 دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔