پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کی تاریخ مقرر، پولنگ 7 فروری 2027 کو ہوگی

image

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے انعقاد کے لیے 7 فروری 2027 کی تاریخ مقرر کردی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں چار رکنی بینچ نے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد فیصلہ سنایا۔ الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق پہلے مرحلے میں بلدیاتی انتخابات 7 فروری 2027 کو منعقد ہوں گے۔

سماعت کے دوران پنجاب حکومت نے انتخابات کے انعقاد کے لیے مزید مہلت طلب کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ سرد موسم، اسموگ، شدید دھند، بسنت کی تقریبات اور تعلیمی امتحانات کے باعث جنوری سے مارچ تک انتخابات کرانا ممکن نہیں، اس لیے پولنگ اپریل 2027 میں کرائی جائے۔

پنجاب حکومت نے اس سے قبل بھی بلدیاتی انتخابات اپریل 2027 میں کرانے کی درخواست کی تھی، تاہم بعد ازاں موسم کی بہتری کو مدنظر رکھتے ہوئے جنوری یا فروری 2027 میں انتخابات کرانے کی نئی تجویز پیش کی گئی۔

الیکشن کمیشن نے حکومتی درخواست اور دستیاب حالات کا جائزہ لینے کے بعد پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے کے لیے 7 فروری 2027 کی تاریخ کا اعلان کردیا۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US