وزیراعظم کی ٹی ڈی اے پی کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری

image

وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی برآمدات میں اضافے، پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی بہتر بنانے اور مقامی صنعتوں سمیت چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو برآمدی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (ٹی ڈی اے پی) کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دے دی۔

اس حوالے سے وزیراعظم کی زیر صدارت اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ٹی ڈی اے پی کی موجودہ کارکردگی، ادارہ جاتی ڈھانچے اور درپیش چیلنجز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کو ادارے میں مجوزہ اصلاحات اور عالمی معیار کے مطابق تجارتی فروغ کے نظام سے متعلق تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔

اجلاس میں ٹی ڈی اے پی کے دائرہ کار کو آٹھ بنیادی افعال تک محدود کرنے، بورڈ اور انتظامی ڈھانچے کی تنظیم نو، علاقائی نیٹ ورک کو مؤثر بنانے، ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مصنوعی ذہانت کے استعمال سمیت کارکردگی جانچنے کے لیے قابلِ پیمائش اشاریے متعارف کرانے کی تجاویز پیش کی گئیں۔ اصلاحاتی عمل کی شفافیت یقینی بنانے کے لیے آزادانہ تھرڈ پارٹی جائزے کی تجویز بھی شامل ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مجوزہ اصلاحات پر عملدرآمد کے لیے پیش کردہ 12 ماہ کے مرحلہ وار منصوبے کے تحت اصلاحاتی عمل آئندہ سال کے وسط تک مکمل کرکے اس کا عملی اطلاق یقینی بنایا جائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ برآمدات میں اضافے کے لیے ملکی صنعتوں کی تیار کردہ مصنوعات کو عالمی منڈیوں تک پہنچانا انتہائی اہم ہے، جدید خطوط پر استوار ٹی ڈی اے پی اس مقصد کے حصول میں مؤثر کردار ادا کرے گا۔ زرعی مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے مکمل ایکو سسٹم اور ویلیو چین بھی تشکیل دی جائے گی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ادارے میں اچھی شہرت رکھنے والی نجی آڈٹ فرم کے ذریعے پرفارمنس اور مالیاتی آڈٹ کرایا جائے، جبکہ شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر تربیت یافتہ افرادی قوت کو ادارے کا حصہ بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں میں حقیقی اصلاحات اسی وقت ممکن ہیں جب ترقی اور پیشہ ورانہ کامیابی کو اہداف کے حصول اور کارکردگی سے مشروط کیا جائے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان میں برآمدات کی وسیع استعداد اور جغرافیائی اعتبار سے موزوں مواقع موجود ہیں، حکومت صنعتوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولتیں فراہم کر رہی ہے تاکہ ملکی برآمدی صلاحیت سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔


Meta Urdu News: This news section is a part of the largest Urdu News aggregator that provides access to over 15 leading sources of Urdu News and search facility of archived news since 2008.

Follow US